ویلنگٹن//) ہیری بروک (123) کی شاندار سنچری، اولی پوپ (66) کی نصف سنچری اننگز اور گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن 280 کے اسکور کے بعد نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ میں 86 رن پرپانچ وکٹ پر لے کر میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔
انگلینڈ کے 280 رنز کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور چھٹے اوور میں گس اٹکنسن نے ڈیون کونوے (11) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ 15ویں اوور میں بین اسٹوکس نے ٹام لیتھم (17) کو بولڈ کرکے نیوزی لینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد راچن رویندرا (تین)، کین ولیمسن (37) اور ڈیرل مچل (چھ) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت نیوزی لینڈ نے 86 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا دی تھیں اور ولیم اورورک (0 ناٹ آؤٹ) اور ٹام بلنڈل (7 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔ نیوزی لینڈ ابھی انگلینڈ کی پہلی اننگ کی بنیاد پر سے 194 رنز پیچھے ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کرس ووکس، گس اٹکنسن اور بین اسٹوکس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کا آغاز اچھا نہیں رہا اوراس نے 43 کے اسکور تک اپنے چار وکٹیں گنوادیں۔ بین ڈکٹ (صفر)، جیک کرولی (17)، جو روٹ (تین) اور جیکب بیتھل (16) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ہیری بروک اور اولی پوپ نے ذمہ داری سنبھالی اور پانچویں وکٹ کے لیے 173 رنز جوڑے۔ ولیم اورورک نے اولی پوپ (66) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ کپتان بین اسٹوکس (دو) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ 53ویں اوور میں نیتھن اسمتھ نے ہیری بروک (123) کو رن آؤٹ کرکے انگلینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد انگلینڈ کے بلے باز نیوزی لینڈ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر ٹک نہ سکے۔ گس اٹکنسن (چار)، کرس ووکس (18) اور برائیڈن کارس (9) رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے نیتھن اسمتھ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ولیم اورورک کو تین وکٹ ملے۔ میٹ ہنری نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔