سرینگر//
جموںکشمیر پولیس کے سربراہ اور انٹیلی جنس چیف نے بالہ تل اور دومیال کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس چیف نے سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے انٹیلی جنس چیف آر آر سیوان کے ہمراہ بالہ تال اور دومیال کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی کے حوالے سے کئے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ترجمان نے کہاکہ پولیس سربراہ کو سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔
پولیس چیف نے پولیس ، سیکورٹی فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران باہمی تال میل کو بنائے رکھیں۔ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی تلقین کی گئی۔
دلباغ نے متعلقہ افسران سے تاکید کہ وہ یاترا کے دوران قریبی تعلقات برقرار رکھیں تاکہ پر امن یاترا کو مکمل طورپر یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے افسران کو بتایا کہ یاترا کے دوران لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
پولیس سربراہ نے مختلف اداروں کی جانب سے یاتریوں کی سہولیات کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ چنانچہ پولیس کے سینئر آفیسران نے پر امن یاترا کے حوالے سے کئے جارہے حفاظتی انتظامات اور ٹریفک کے حوالے سے مکمل جانکاری فراہم کی۔
بال تل سے پوتر گپھا تک یاترا راستے کی اپ گریڈیشن ، کنٹرول ایکسس گیٹس کی بہتری ، مسافر شیڈوں ، میڈیکل کیمپوں اور دیگر کیمپوں کے قیام ، لیبر رجسٹریشن ، مختلف مقامات پر ایمرجنسی اوپریشن سینٹروں کے قیام اور پانی ، بجلی ، رسوئی گیس ، راشن ، ادویات اور دیگر انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے تمام سینئر افسروں کو ذاتی طور تمام اِنتظامات کا جائزہ لینے اور یاترا کے اَحسن اِنعقاد کے لئے باہمی تال میل سے کام کرنے کی ہدایت دی۔
پولیس سربراہ نے بالہ تل اور دومیل میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا اور آفیسران کو ہدایت دی کہ یاترا روٹوں پر چوبیس گھنٹے سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جای چاہئے ۔
اس موقع پر دلباغ سنگھ نے بالہ تل میں سینئر پولیس آفیسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ پُر امن یاترا کو یقینی بنانے کی خاطرزمینی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے آفیسران کو بتایا کہ یاتریوں کو تمام تر سہولیات بہم رکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ یاترا کے دوران ‘کویک رسپانس ٹیم ’ کو چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ پر رکھنے کی ضرورت ہے ۔
اس موقع پر ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر،ایس ڈی پی او کنگن اور دوسرے آفیسران نے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کو سیکورٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔