سرینگر//
جموں کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج کہا کہ جموں کشمیر حکومت مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پنچایتی راج انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے۔
چودھری نے اسکولوں میں آئین پڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ نوجوان نسل کو ملک کے بنیادی رہنما خطوط کے جوہر سے آگاہ کیا جاسکے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں کشمیر حکومت اس مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پنچایتی راج نافذ کرنا چاہتی ہے۔ ووٹر لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں۔ ریزرویشن کا مسئلہ بھی ہے۔
چودھری نے اودھم پور میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔ان کاکہنا تھا’’اس کے علاوہ پنچایتوں کی حد بندی سے متعلق بھی مسائل ہیں‘‘۔
نائب وزیر اعلی نے یوم دستور کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے آئین نہ بنایا ہوتا تو میں آج نائب وزیر اعلی کے طور پر آپ کے سامنے کھڑا نہ ہوتا۔ اسی آئین کی وجہ سے میں ایک انتہائی معمولی پس منظر سے تعلق رکھتا ہوں اور اس عہدے تک پہنچا ہوں۔
چودھری نے کہا کہ آئین ملک کے لوگوں کیلئے ایک رہنما اصول کے طور پر کام کرتا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا’’ہمیں اس کے جوہر کی حفاظت اور فروغ پر غور کرنا چاہئے۔ ہمیں لوگوں کو آئین کے بارے میں تعلیم دینے کی ضرورت ہے، خاص طور پر نوجوان نسل کو‘‘۔
نوجوانوں اور بچوں کو آئین کے بارے میں تعلیم دینے کی پرزور وکالت کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’نوجوانوں کو آئین کو پڑھنے اور اس کے مطابق کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ اسکولوں میں اس کی تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے ایک خیال پیش کیا جانا چاہئے‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ آئین کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے۔ یہ ہمیں اس ملک کے لوگوں کے لئے کام کرنے کی سمت فراہم کرتا ہے‘‘۔
چودھری نے ہندوستانی آئین کے اہم معمار امبیڈکر کی زندگی ، کاموں اور خدمات پر زور دیا اور پروگرام کی میزبانی میں منتظمین اور شرکاء کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور سبھی پر زور دیا کہ وہ ان کے ذریعہ پیش کردہ سماجی مساوات کے اصولوں پر عمل کریں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یوم دستور ہمیں قوم کے تئیں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ قانون کی حکمرانی میں ہمارے اعتماد کو تقویت دیتا ہے اور ہمیں معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے ، خاص طور پر غریبوں اور پسماندہ افراد کے لئے۔
چودھری نے کہا کہ ۲۶ نومبر ۱۹۴۹ کو منظور کیا گیا آئین تمام شہریوں کے لئے سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف کی ضمانت دیتا ہے اور ایک ایسے سماجی نظام کو یقینی بناتا ہے جس سے سب کو فائدہ ہو۔