سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیر میں ہونے والی تازہ ہلاکتوں کیلئے پاکستان کے بعض عناصر کو مورد الزام ٹھراتے ہوئے کہاکہ دراصل انہیں یہاں کی سیاحتی و اقتصادی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے ۔
سنہا نے کہاکہ کشمیر میں ملی ٹینسی آخری سانسیں لے رہی ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرینگر میں تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔
سنہا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آرہے ہیں لیکن پڑوسی ملک کو یہ ہضم نہیںہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں ہونے والی تازہ ہلاکتوں میں پاکستان کا ہاتھ ہے اور وہ نہیں چاہتا کہ یہاں پر امن و امان قائم ہو۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ جموں وکشمیر اس وقت ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے بعض عناصر وادی کشمیر میں حالات کو درہم برہم کرنا چاہتے ہیں لیکن اُنہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
سنہا کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور یہاں کے لوگ بھی موجودہ حالات کو بخوبی سمجھ رہے ہیں ۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے واقعات رونما ہونے کے بعد مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو ہدایت دی کہ غیر مقامی شہریوں اور کشمیری پنڈتوں کو معقول سیکورٹی فراہم کی جائے ۔
یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہی نئی دہلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کشمیری پنڈت ملازمین کو محفوظ مقامات پر ہی تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔