سرینگر//
پولیس کاکہنا ہے کہ پیر کوشمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سوپور کے پانی پورہ جنگلاتی علاقے میں ایک پاکستانی لشکر طیبہ کا دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ساتھ گولی باری میں مارا گیا جب کہ تین دیگر محاصرے سے فرار ہوگئے۔
آئی جی پی کشمیر‘ وجے کمار نے ایک بیان میں کہا’’پاکستانی دہشت گرد جو کالعدم دہشت گرد تنظیم ایل ای ٹی سے وابستہ تھا مارا گیا۔ قابل اعتراض مواد بشمول اسلحہ اور گولہ بارود برآمد۔ ۲؍ایف ٹی اور ایک مقامی دہشت گرد محاصرے سے فرار ہوگیا۔ تلاش جاری ہے‘‘۔
کمار نے کہا کہ مارے گئے پاکستانی دہشت گرد سے برآمد ہونے والی دستاویزات کے مطابق‘ اس کی شناخت لاہور، پاکستان کے حنظلہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ایک اے کے رائفل‘۵ میگزین اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات آگے آئیں گی‘‘۔
یہ تصادم آج شام اس وقت شروع ہوا جب وہاں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پیر کی شام سیکورٹی فورسز کو خبر ملی کہ سوپور کے پانی پورہ جنگلی علاقے میں جنگجو چھپے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خبر ملتے ہی پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ محاصرہ ڈالتے ہی فائرنگ شروع ہوگئی جس کے بعد فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔