سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج سرینگر اسمارٹ سٹی کے تحت مختلف پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا ۔
ان پروجیکٹوں میں نشاط سیتھو اور نشاط باغ کے علاقے کی اپ گریڈیشن اور ری ڈیولپمنٹ ، نشاط سے ڈل جھیل کی ناردرن فار شور روڈ کے ساتھ لیک فرنٹ کی ترقی اور شالیمار کینال کی بحالی اور خوبصورتی شامل ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نئے پروجیکٹوں کا مقصد سرینگر کو ایک پُر ہجوم شہر سے ملک کے سب سے زیادہ پیدل چلنے والوں اور سائیکلوں کیلئے دوستانہ شہروں میں سے ایک میں تبدیل کرنا ہے ۔
سنہا نے کسی بھی ترقیاتی کام کی بنیاد کے طور پر شہر کے جوہر کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ آرٹ اور ثقافتی ورثے کی قدروں کو بھی بحال کریں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شالیمار کینال کا جدت پر مبنی دوبارہ ترقی کا منصوبہ پائیدار ترقی کے عصری پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرتا ہے جبکہ ایک متحرک عوامی جگہ بنانے کیلئے ثقافتی اور تاریخی پہلوؤں کو اہمیت فراہم کرتا ہے اور یہ پروجیکٹ شالیمار باغ کو پانی کی نقل و حمل سے بھی جوڑ دے گا ۔
سنہا نے مزید کہا کہ اسی طرح نشاط روڈ پر پیدل چلنے والوں کیلئے سائیکلنگ ٹریک اور واک ویز ڈل جھیل کی خوبصورتی کو بحال کرنے میں مدد کریں گے اور سیاحوں کیلئے شاندار ورثے کا تجربہ کرنے کیلئے بہتر سہولیات پیدا کریں گے ۔
سنہا نے سمارٹ اربن موبلیٹی ، الیکٹرک ٹرانسپورٹ سسٹم ، سائیکلنگ ٹریکس ، پیدل چلنے والوں کیلئے خصوصی واک ویز ، جموں اور سرینگر کو مزید پائیدار شہروں میں تبدیل کرنے کیلئے واٹر ٹرانسپورٹ کی ترقی کیلئے حکومت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ حضرت بل تا نشاط سڑک پر ایک جدید سائیکلنگ ٹریک اور پیدل چلنے کیلئے راستہ بنایا جائے گا ۔
سرینگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ کے سی ای او اطہر عامر خان اور کمشنر ایس ایم سی نے لیفٹیننٹ گورنرکو ۷۴ کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کے بارے میں بریفنگ دی جن کا آج سنگِ بنیاد رکھا گیا ۔
اس موقع پر مئیر ایس ایم سی جنید عظیم مٹو ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری ہاوسنگ اور شہری ترقی مسٹر دھیرج گپتا ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ شہری موجود تھے ۔