جموں//
جموں وکشمیرکی سرمائی راجدھانی جموں میں پیر کے روز کشمیری پنڈت ملازمین نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اُنہیں فوری طورپر جموں تبدیل کیا جائے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں شہر میں کشمیری پنڈتوں اور اُن کے رشتہ داروں کی ایک بڑی تعداد نے پیر کے روز احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن میں جموں تبدیلی کے الفاظ درج تھے ۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے کہاکہ کشمیر میں حالات فی الحال ٹھیک نہیں ہے لہذا وہاں پر تعینات ہندوں کو فوری طورپر جموں منتقل کیا جائے ۔
مظاہرین نے بتایا کہ یقین دہانیوں کے باوجود بھی ہندوں کا قتل ہو رہا ہے لہذا جب تک کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر نہیں آجاتے ملازمین کو جموں میں تبدیل کیا جائے ۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں تعینات لگ بھگ ساٹھ فیصد ملازمین اپنے گھر واپس آچکے ہیں اور باقی وہی ٹرانزٹ کیمپوں میں احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
اُن کے مطابق سرکار کی جانب سے کشمیری پنڈت ملازمین اور دوسرے ہندوں کو محفوظ مقامات پر ہی تعینات کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے لیکن ہم ایل جی سے سوال کرتے ہیں کہ ہمیں یہ تو بتا دیجئے کہ کشمیر میں کون سا علاقہ محفوظ ہے ۔
مظاہرین نے بتایا کہ موجودہ انتظامیہ کی جانب سے صرف یقین دہانیاں دی جارہی ہیں عملی طورپر ملازمین کی سیکورٹی کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کیا جارہا ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں حالات خراب ہے جس کے پیش نظر گھاٹی میں تعینات سبھی ہندوں کو وہاں سے تبدیل کرکے جموں منتقل کیا جائے ۔