سرینگر//
ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفئر ایسو سی ایشن نے پیر کے روز یہاں لالچوک میں جمع ہو کر تنخواہوں کی واگذاری کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا۔
احتجاجی اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور ان کے احتجاج سے تجارتی مرکز لالچوک میں ٹریفک کی نقل و حمل بھی متاثر ہو کر رہ گئی۔
اس موقع پر ایک ملازمہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم گذشتہ چھ مہینوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ان کا کہنا تھا’’ہمارے بچوں کو اسکولوں سے نکالا جا رہا ہے اور ہمارے بینک قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے لیکن حکام ہماری بات سننے کے لئے تیار نہیں ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مطالبات کو لے کر سڑکوں پر آنا پڑتا ہے ۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ ماہ رمضان میں بھی ہم نے احتجاج کیا اس کے بعد ہماری ایک ماہ کی تنخواہ واگذار کی گئی لیکن بعد میں پھر سے ہماری تنخواہ بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم عارضی ملازم نہیں ہیں بلکہ مستقل ملازمین ہیں اور دن رات کام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ماہ رواں کی دس تاریخ تک ہماری تنخواہیں واگذار نہیں کی گئیں تو ہم اپنے احتجاج کو تیز کرکے دن رات دھرنا دیں گے ۔