سرینگر//
جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے تنویر صادق نے پیر کے روز کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت انتخابات کے دوران جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کی گئیں۱۲ ضمانتوںاور۲۶ وعدوں سمیت تمام وعدوں کو پورا کرے گی اور یوم اجرت پر کام کرنے والوں‘ کنٹریکٹ اور عارضی ملازمین کی خدمات کو جلد ہی مستقل کیا جائیگا۔
صادق نے کہا کہ مسابقتی کمبائنڈ امتحان (سی سی ای) میں عمر میں چھوٹ کا حالیہ فیصلہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کا سب سے بڑا فیصلہ ہے اور اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کے تمام حقیقی خدشات کو وقت کے ساتھ حل کیا جائے گا۔
این سی ممبر اسمبلی نے کہا’’یہ لوگوں کا طویل عرصے سے زیر التوا مطالبہ تھا کیونکہ جموں کشمیر میں پچھلے دس سالوں سے کوئی بھرتی نہیں ہوئی تھی۔ ہمارے تعلیم یافتہ نوجوان بھرتی کے امتحانات میں حصہ لینے سے قاصر تھے۔ مسابقتی کمبائنڈ امتحانات (سی سی ای) میں عمر کی حد میں نرمی کا حالیہ فیصلہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کا چوتھا سب سے بڑا فیصلہ تھا۔ میں عمر عبداللہ کو یہ فیصلہ لینے پر مبارکباد دیتا ہوں اور ہمارے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ وہ بھی اب بھرتی کے امتحانات میں حصہ لے سکیں گے‘‘۔
صادق نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی منتخب حکومت کے پچھلے فیصلوں کی طرح حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اسی طرح ہم ‘‘۱۲ ضمانتوں اور ۲۶ وعدوں سمیت دیگر معاملات کو بھی بتدریج اٹھائیں گے۔ آج جموں و کشمیر میں ایک سویلین حکومت ہے جو اپنے لوگوں کے درد کو محسوس کرسکتی ہے اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرسکتی ہے۔ چاہے وہ ریاست کا درجہ دینے کی قرارداد ہو، ۲۰۰ یونٹ مفت بجلی ہو، راشن کوٹہ میں اضافہ ہو، یا دیگر‘سب وعدے پورے کئے جائیں گے ‘‘۔