سرینگر/۸نومبر
وزیر اعلیٰ ‘عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کو ایک ریاست بنانے کا عمل جلد شروع ہو جائےگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی قیادت اس ضمن میں جموں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے گی ۔
اسمبلی میں آج ایل جی‘ منوج سنہا کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کا جواب دیتے ہوئے عمرعبداللہ نے کہا کہ حال میں ہی ان کی دہلی میں وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر داخلہ ‘ امت شاہ سے ہوئیں ملاقاتیں کامیاب رہیں ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نے بار بار جموں کشمیر کے لوگوں سے کہا ہے کہ ریاستی درجہ بحال کیا جائیگااور ان سے ملاقات کے دوران میں نے انہیں یہ وعدہ یاد دلایا ۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ بہت جلد جموں کشمیر کو ایک مکمل ریاست بنانے کا عمل شروع ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو عزت سے رہنے کا حق ہے ۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا”ہم کیوں ریاستی درجے کی بحالی کی مانگ کررہے ہیں ۔ہم ایسا اس لئے کررہے ہیں کیوں کہ ہماری شناخت‘ ہماری پہچان‘ ہمارے وجود‘ ہمارے وقار کو جو زخم لگا ہے ان پر مرحم کیلئے ہمیں ریاستی درجہ حاصل کرنا ہے“۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں کشمیر کی زمین ‘ یہاں کی نوکریاں اور یہاں کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے لوگوں کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں نے محنت کرکے ‘اپنا ٹیکس دے کر جو کچھ بنایا ہے اسے بیچا نہیں جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرمایہ داروں کا استقبال کرتے ہیں لیکن ”ہم گلمرگ اور نہ پہلگام کو بیچیں گے “۔