سرینگر//
وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں پی ڈی پی کی طرف سے دفعہ۳۷۰کی بحالی کے متعلق پیش کردہ قرار داد کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور یہ’صرف کیمروں‘ کیلئے کیا جانے والا عمل ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’اس معاملے پر ایوان نہ کہ ایک رکن غور اور بحث کرے گا‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو اسمبلی میں وحید پرہ کی طرف سے دفعہ۳۷۰کی بحالی کے متعلق قرار داد پیش کرنے کے جواب میں کیا۔
اس قرار داد کی وجہ سے اسمبلی میں پہلے ہی دن ہنگامہ آرائی ہوئی۔
عمر عبداللہ نے کہا’’ہمیں معلوم تھا کہ ایک ممبر اس کی تیاری کر رہا ہے… حقیقت یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ۵؍اگست ۲۰۱۹کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتے ہیں اگر وہ منظور کر لیتے تو آج نتائج مختلف ہوتے ‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’ایوان اس (دفعہ۳۷۰)کی عکاسی اور بحث کیسے کرے گا اس کا فیصلہ کوئی ایک رکن نہیں کرے گا آج لائی گئی قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں بلکہ یہ صرف کیمروں کے لیے ہے ‘‘۔
عمرعبداللہ کا کہنا تھا’’اگر اس کے پیچھے کوئی مقصد ہوتا تو وہ ہم سے پہلے اس پر بات کر لیتے ‘‘۔
دریں اثنا پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وحید پرہ کو اسمبلی میں یہ قرار داد لانے پر مبارکباد پیش کی۔
محبوبہ نے’‘ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’ مجھے دفعہ۳۷۰کی منسوخی کے خلاف جموںکشمیر اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے پر وحید پرا پر فخر ہے ، خدا آپ کو سلامت رکھے ۔‘‘
ادھرنیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ‘تنویر صادق کا کہنا ہے کہ دفعہ ۳۷۰؍اور ۳۵؍اے کی بحالی کو یقینی بنانے کی خاطر حکومت کوشاں ہے ۔
صادق نے کہاکہ موجودہ سیشن کے دوران ہی نیشنل کانفرنس کی جانب سے دفعہ۳۷۰کی بحالی کو لے کر ریزولیشن پیش کیا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار صادق نے اسمبلی احاطے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
این سی ترجمان اعلیٰ نے کہاکہ اسمبلی اجلاس کے پہلے روز سپیکر کا انتخاب اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو خطاب کرنا تھا اور اس ضمن میں پہلے ہی ممبران کو آگاہی فراہم کی گئی تھی لیکن پی ڈی پی ممبر نے بزنس رولز کی خلاف ورزی کی ۔
صادق نے مزید بتایا کہ صرف میڈیا میں بنے رہنے کی خاطر پی ڈی پی ممبران نے ایسا کیا۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ نے واضح کیا کہ دفعہ ۳۷۰؍اور ۳۵؍اے کی بحالی کو جو وعدہ این سی نے کیا ہے اس کو بہت جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اسی اسمبلی سیشن میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے ۳۷۰کی بحالی کو لے کر ریزولیشن لایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔