سرینگر///
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے دیوالی کے مقدس تہوار کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
عمر نے دعا کی کہ روشنیوں کا یہ تہوار لوگوں کی زندگیوں میں خوشی و خوشحالی اور اچھی صحت کی نوید لے کر آئے ۔
بتادیں کہ دیوالی جسے دیپاولی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ،ہند مت کا ایک اہم اور بڑا تہوار ہے ۔ یہ روشنیوں کے تہوار سے بھی مشہور ہے ۔
یہ تہوار’اندھیرے پر روشنی‘، ’برائی پر اچھائی‘ اور ’جہالت پر علم‘کی فتح کی علامت ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’میں آج منائے جارہے دیوالی تہوار کے مبارک موقعے پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے دعا کی چراغوں کا یہ تہوار ہماری زندگیوں کو اچھی صحت، خوشی و خوشحالی اور کامیابی و کامرانی سے روشن کر دے ۔
ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملک خصوصاً جموں و کشمیر میں رہائش پذیر ہندوبرادری کو دیوالی کے تہوار پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تہوار ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ اخوت، انسانیت، پیار و محبت میں زندہ رہنے کا درس دیتے ہیں اور خاص کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ میں زندگی گزارنے کی راہ دکھاتے ہیں۔
فاروق نے کہا کہ یہ تہوار ریاست کی خوشحالی، امن و امان کی سوگات لائے ۔
این سی صدر نے دونوں خطوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ صدیوں کے بھائی چارے ، مذہبی ہم آہنگی اور آپسی رواداری کی مشعل کو ہمیشہ فروزاں رکھنے کیلئے دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔