سرینگر/31 اکتوبر
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ اس حقیقت سے کسی کو انکار نہیں ہونا چاہئے کہ جموں وکشمیر ابھی یونین ٹریٹری ہی ہے ۔
سنہا نے کہا کہ جب جموں کشمیر دوبارہ ریاست بن جائے گی تو ہم اس کا بھی یوم تاسیس منائیں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں یونین ٹریٹری فاﺅنڈیشن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
نیشنل کانفرنس کے اس تقریب میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا”ہر کوئی نہیں آسکتا ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ جموں وکشمیر ابھی یونین ٹریٹری ہی ہے یہ حقیقت ہم سب کو ماننی چاہئے “۔
سنہا نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ جن لوگوں نے جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہونے کے دوران آئین کی پاسداری کی قسم کھائی تھی انہوں نے اس تقریب میں حصہ نہیں لیا اور یہ’کردار کے دوغلے پن‘ کی عکاسی کرتا ہے۔
سنہا نے کہا”وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے وعدہ کیا ہے کہ پہلے اسمبلی حلقوں کی سر نو حد بندی پھر الیکشن اور اس کے بعد مناسب وقت پر ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا“۔
ایل جی کا کہنا تھا”وزیر اعظم جب یوگا ڈے پر یہاں آئے تھے تو اس وقت بھی انہوں نے کہا تھا کہ چناﺅ کے بعد جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کو مناسب وقت پر بحال کیا جائے گا“۔
سنہا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ پانچ برسوں سے یونین ٹریٹری فاﺅنڈیشن ڈے منایا جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر جب دوبارہ ریاست بنے گی تو اس وقت ہم اس کا بھی یوم تاسیس منائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر عظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و آشتی اور ترقی کا دور رہا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت کا تہوار الیکشن پچھلے دنوں اختتام پذیر ہوئے جن میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انہوں نے کہا”مجھے امید ہے کہ منتخب حکومت لوگوں کی امیدوں کے مطابق کام کرے گی“۔
پنچایتی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا”پنچایتی راج اداروں اور لوکل باڈیز نے جموں وکشمیر کی ترقی میں بڑا رول ادا کیا، ان انتخابات کے انعقاد کے لئے بھی تیاریاں ہو رہی ہیں“۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا”میری تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ جتنا امن قائم رہے گا اتنی ترقی ہوگی، کسی کو بھی امن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔“