’دسویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات اگلے سال سردیوں کی چھٹیوں سے پہلے ہوں گے‘
سرینگر//
جموں کشمیر حکومت نے ایل جی کی زیر قیادت انتظامیہ کی’یکساں تعلیمی پالیسی‘کو پلٹتے ہوئے بدھ کو نویں جماعت تک کے کشمیر اور جموں کے سرمائی زون کے اسکولوں کے تعلیمی سیشن کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فیصلے کے تحت نویں جماعت تک کے امتحانات اس سال سے ہی سردیوں کی چھٹیوں سے پہلے لئے جائیں گے جبکہ دسویں سے بارہویں جماعت کیلئے پرانا شیڈول اگلے سال سے بحال کیا جائیگا ۔
اس سلسلے میں جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ‘عمرعبداللہ نے آج یہاں ایک پیغام میں کہا ’’کافی عرصے سے کشمیر اور جموں کے جو سرمائی زون ہیں‘ سے ماں باپ اور طلباء کی طرف سے یہ مانگ آئی کہ جو امتحانات کا شیڈول ہے اس میں تبدیلی لائی جانی چاہیے اور جو پرانا نظام ہے اسے بحال کیا جانا چاہیے ‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’میں وزیر تعلیم سکینہ ایتو کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے کابینہ میں اس ضمن میں تجویز لائی جسے کابینہ نے منظور دی ۔نویں جماعت تک جو ہمارے بچے بچیاں ہیں‘ان کا جو امتحانی شیڈول ہے وہ پہلے رائج نظام کی طرف لوٹا آئے گااور یہ امتحانات سردیوں کی چھٹیوں سے پہلے کرائے جائیں گے ‘‘۔
عمرعبداللہ کاکہنا تھا’’ہم دسویں‘ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات نومبر میں منعقد نہیں کرا پائے کیوں کہ یہ بورڑ آف اسکول ایجوکیشن کے امتحانات ہیں ‘ان میں ہمیں تیاری کر نی ہو گی‘لیکن ہم تمام بچوں کو یقین دلاتے ہیں کہ اگلے سال سے ان تین جماعتوں کا بھی امتحان نومبردسمبر میں سردیوں کی چھٹیوں سے پہلے لیا جائیگا ‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں امید ہے اس سے طلبا کے علاوہ ان کے والدین کو بھی راحت ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کا مقصد ہمارے طلباء کیلئے زیادہ موثر اور موثر تعلیمی کیلنڈر فراہم کرنا ہے۔
اس سے پہلے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ تعلیمی سیشن کو رواں سال سے نویں جماعت تک نومبر دسمبر تک بحال کردیا گیا ہے۔
ایتو کاکہنا تھا’’فی الحال، ہم نویں کلاس تک تعلیمی سیشن کو نومبر،دسمبر تک بحال کریں گے۔۱۰ ویں سے۱۲ ویں جماعت کے طلباء کیلئے تعلیمی سیشن اگلے سال سے بحال کیا جائے گا‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں جموں کشمیر انتظامیہ نے۲۰۲۲ میں جموں کشمیر دونوں ڈویڑنوں کیلئے’یکساں تعلیمی کیلنڈر‘نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
ماہردین کا کہنا ہے کہ اکتوبر ، نومبر کا تعلیمی سیشن کشمیر سمیت صوبہ جموں کے سرمائی زون کے علاقوں کے موسمی حالات کے مطابق ہے اور طلبا کو موسم سرما میں مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کا موقع فراہم ہوتا ہے۔