سرینگر//
جموں کشمیر کانگریس نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں اپنی خراب کارکردگی کی وجوہات کا پتہ لگانے اور جموں کشمیر میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے اقدامات تجویز کرنے کیلئے جمعہ کو ایک اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی۔
پارٹی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر طارق حمید قرہ نے اے آئی سی سی قیادت کی مشاورت سے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ انتخابات میں کانگریس کے مٹھی بھر نشستیں جیتنے کی وجوہات کا تجزیہ کیا جاسکے اور جموں و کشمیر میں پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے کے لئے اقدامات تجویز کیے جائیں۔
سینئر کانگریس لیڈر رویندر شرما کی سربراہی میں بننے والے پینل میں جہانگیر میر، نریش گپتا، ٹھاکر بلوان سنگھ، شاہ محمد چودھری، وید مہاجن اور دینا ناتھ بگھاٹ شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ کمیٹی ۳۰ دن کے اندر اپنی تحقیقات کی رپورٹ پیش کرے گی۔
کانگریس کی انتخابی کارکردگی اب تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی کیونکہ جموں خطے میں اس کے۲۹ ؍امیدواروں میں سے صرف ایک جیتنے میں کامیاب رہا ، جبکہ اس کے اہم رہنما ، بشمول دو کارگزار صدور انتخابات ہار گئے۔
مجموعی طور پر ۴۲ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والی نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑنے والی کانگریس صرف چھ نشستوں پر کامیاب ہوئی جس میں وادی میں پانچ اور جموں ڈویڑن کی واحد نشست شامل ہے۔