جموں//
فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے جمعے کو راجوری کا دورہ کیا ار وہاں پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
وائٹ نائٹ کور نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا’’جی او سی وائٹ نائٹ کور نے سینئر آفیسران کے ہمراہ راجوری کا دورہ کیا ‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل نے جوانوں کی استقامت اور آپریشن کے دوران پیشہ ورانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرنے پر ان کی سراہنا کی‘‘۔
فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی کمانڈر نے کہاکہ سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
اس سے قبل فوجی کمانڈر کو سینئر آفیسران نے کنٹرول لائن کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔
وائٹ نائٹ کور کے جی او سی نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ آپریشنل کوششوں کے تمام شعبوں میں مسلسل کامیابی کے لئے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے دورے کے دوران جی او سی کو سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔