جموں//
جموںکشمیر میں عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت میں دو مقامی رہنماؤں سریندر کمار چودھری کو نائب وزیر اعلی اور جاوید رانا کو وزیر بنانے کے بعد بدھ کو سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں نیشنل کانفرنس کے سینکڑوں حامیوں نے سڑکوں پر جشن منایا۔
عمرعبداللہ نے ۲۰۱۹ میں آرٹیکل ۳۷۰کی منسوخی کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پہلی منتخب حکومت کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا۔
راجوری ضلع کے نوشہرہ میں بی جے پی کے جموں کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا کو شکست دینے والے چودھری اور پونچھ ضلع کے مینڈھر کی نمائندگی کرنے والے رانا پیر پنجال بیلٹ میں نیشنل کانفرنس کے چار کامیاب امیدواروں میں شامل تھے۔ این سی،کانگریس اتحاد نے اس علاقے کی آٹھ میں سے پانچ نشستیں حاصل کیں۔
سرینگر میں جب دونوں رہنماؤں نے حلف لیا تو نوشہرہ، مینڈھر اور دیگر علاقوں میں نیشنل کانفرنس کے حامی سڑکوں پر موجود تھے اور روایتی ڈھول بجانے اور رقص کے ساتھ جشن منا رہے تھے۔
چودھری کے آبائی شہر نوشہرہ میں نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور نیشنل کانفرنس اور عبداللہ کی حمایت میں نعرے لگائے۔
مقامی لوگوں نے چودھری کو نائب وزیر اعلی مقرر کرنے کے لئے نیشنل کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے نیشنل کانفرنس کے کارکن بنٹی سنگھ نے کہا’’ہم سریندر چودھری جی کے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے پر جموں کشمیر کے لوگوں، خاص طور پر جموں خطے کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ ہم ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے خطے کو یہ تحفہ دیا‘‘۔
سنگھ نے کہا کہ چودھری کی بی جے پی کے رویندر رینا پر جیت اہم تھی۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جانب سے بی جے پی کی مکمل حمایت اور سیٹ کو محفوظ بنانے کی تمام تر کوششوں کے باوجود یہ عوام کی حمایت تھی جس نے سریندر جی کے ساتھ نیشنل کانفرنس کی جیت کو یقینی بنایا۔
سرفراز احمد، جو کہتے ہیں کہ انہوں نے چودھری کے لئے بڑے پیمانے پر مہم چلائی، نے کہا کہ عوام کی حمایت سے چودھری کی کامیابی ہوئی اور نیشنل کانفرنس نے ان کی جیت کے اعتراف میں انہیں ایک اہم عہدے سے نوازا۔انہوں نے کہا’’نیشنل کانفرنس اب خطے کی ترقی کیلئے کام کرے گی، جسے گزشتہ ۱۰ سالوں سے نظر انداز کیا گیا ہے‘‘۔
۲۷ سال کی عمر میں نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے والے سریندر کمار چودھری (۵۶) اس سے پہلے پی ڈی پی حکومت کے دوران ایم ایل سی رہ چکے ہیں۔کبھی پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے قریبی ساتھی چودھری نے ۲۰۲۱ میں پارٹی چھوڑ دی تھی اور جولائی ۲۰۲۳ میں نیشنل کانفرنس میں دوبارہ شامل ہونے سے پہلے۲۰۲۲ میں کچھ وقت کے لئے بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔
چودھری نے۲۰۲۴ کے انتخابات میں راجوری ضلع کے نوشہرہ حلقہ میں بی جے پی کے رویندر رینا کو۷ہزار۸۱۹ ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ چودھری کو۳۵ہزار۶۹ووٹ ملے جبکہ رینا کو۲۷ہزار۲۵۰ووٹ ملے۔
چودھری نے نیشنل کانفرنس کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیر پنجال بالخصوص میرے حلقہ نوشہرہ کے لئے فخر کی بات ہے۔ ’’میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا ان کے اعتماد کیلئے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شکریہ ادا کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں‘‘۔
۲۰۱۴ میں رینا نے اس وقت پی ڈی پی کے رکن چودھری کو۹ہزار۵۰۳ ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی، لیکن چودھری کی نیشنل کانفرنس میں واپسی نے اس انتخاب میں ان کے دوبارہ سر اٹھانے کی علامت ہے۔
۶۱سالہ جاوید رانا، جو ۲۰۰۲ سے مینڈھر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور تیسری بار دوبارہ منتخب ہوئے ہیں، نے بھی چار وزراء میں سے ایک کی حیثیت سے حلف لیا۔
رانا نے بی جے پی کے مرتضیٰ احمد خان کو۱۴ہزار۹۰۶ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ ایم ایل اے کی حیثیت سے اپنی مدت کار کے علاوہ ، رانا نے ایم ایل سی کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
جموں و کشمیر کی وزارت میں رانا کی شمولیت کا جشن منانے کیلئے مینڈھر میں رانا کے گھر پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ (ایجنسیاں)