سری نگر//
حکام نے بتایا کہ جمعرات کو شوپیاں کے سیڈو علاقے میں ایک گاڑی کے اندر ہونے والے دھماکے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔
ایک اہلکار نے مقامی نیوز ایجنسی ‘ کشمیر نیوز آبزرور کو بتایا کہ دھماکہ سیڈو میں ایک نجی گاڑی کے اندر ہوا جس میں۱۵گڈوال کے تین فوجی زخمی ہوئے۔
اہلکار نے مزید کہا کہ تینوں کو ضلع اسپتال شوپیاں منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں ۹۲ بیس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ اہلکار نے زخمی تینوں کی شناخت عجب سنگھ، پروین سنگھ اور پون راوت کے طور پر کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پون راوت ۹۲ بیس اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
دریں اثنا، آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ دھماکے کے ماخذ کے علاوہ نوعیت کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
کشمیر پولیس زون نے آئی جی پی کشمیر کے حوالے سے ایک ٹویٹ کیا’’سیڈو شوپیاںمیں ایک نجی کرائے کی گاڑی کے اندر دھماکہ ہوا جس میں ۳ فوجی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کی نوعیت اور ذریعہ (دھماکا دستی بم یا گاڑی کے اندر پہلے سے نصب آئی ای ڈی یا بیٹری کی خرابی کی وجہ سے ہوا) کی تحقیقات کی جا رہی ہے ‘‘۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ صبح تقریباً۳ بجے مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر سیڈو سے آپریشن شروع کیا گیا اور ایک علاقے پتتوہلان میں تلاشی لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہدف والے علاقے کی طرف جاتے ہوئے، سیڈو سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر، ٹیم کے زیر استعمال سول کرایہ پر لی گئی گاڑی میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ہندوستانی فوج کے تین فوجی زخمی ہو گئے۔ دھماکا آئی ای ڈی یا گرینیڈ یا گاڑی میں بیٹری کی خرابی سے ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کا پتہ لگایا جا رہا ہے‘‘۔
اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ زخمی فوجیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال، شوپیاں منتقل کیا گیا اور ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اس کے بعد ۹۲ بیس ہسپتال، سری نگر منتقل کیا گیا۔ ایک فوجی کی حالت نازک ہے جبکہ دو دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔