سری نگر//
جنوبی ضلع کولگام کے موہن پورہ گاؤں میں بینک منیجر وجے کمار کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر ڈرون کیمروں اور کھوجی کتوں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آہرو موہن پورہ کولگام میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں بینک منیجر کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا ۔
اقلیتوں سے وابستہ ملازمین کنبوں کی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے جبکہ پنڈت کالونیوں کے اردگرد بھی فورسز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔بینک منیجر کی ہلاکت میں ملوث حملہ آوروں کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا جارہا ہے ۔
ذرائع نے مزید کہاکہ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے اور دو بندوق بردا ر اس میں ملوث ہیں جن کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کے ساتھ ساتھ سیب کے باغات کو بھی محاصرے میں لے لیاہے ۔
دریں اثنا موہن پورہ کولگام میں بینک منیجر کی ہلاکت کے بعد غیر مقامی ملازمین اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں اور وہ اپنے گھر جانے کے خواہاں ہے ۔
اس دوران تازہ ہلاکتوں کے پیش نظر سرینگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی بند وبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے ناکوں پر لوگوں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا ہے ۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے جمعرات کی سہ پہر کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی بند وبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔
کئی اہم اور حساس مقامات پر سیکورٹی فورسز نے ناکے لگا دئے ہیں اور وہاں مشکوک نظر آنے ولی مسافر گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، آٹو رکشا وغیرہ کو روکا جاتا تھا اور ان کی تلاشی کی جاتی تھی اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی کی جاتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روکا جاتا تھا اور ان کی جامہ تلاشی بھی کی جاتی تھی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جاتے تھے ۔
نامہ نگارنے بتایا کہ سیول سیکریٹریٹ سرینگرسمیت شہر کے حساس علاقوں میں جگہ جگہ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔
بتادیں کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شہری ہلاکتوں کے بعد وادی کے قریب و جوار میں سیکورٹی بندوبست کو سخت کردیا گیا ۔
دریں اثنا شہری ہلاکتوں کے بپیش نظر جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا کو ہنگامی بنیادوں پر نئی دہلی طلب کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں پولیس اور سیول انتظامیہ سے وابستہ سینئر آفیسران کی شرکت متوقع ہے ۔
اس سے قبل جمعرات کے روز نئی دہلی میں وزیر داخلہ اورقومی سلامتی مشیر کے درمیان قریباً تین گھنٹے تک بند کمرے میں میٹنگ ہوئی جس دوران جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔