سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک بڑی سیاسی تبدیلی میں نیشنل کانفرنس (این سی) اور انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) اتحاد کے امیدواروں نے تمام سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کانفرنس نے پانچ اور کانگریس نے دو نشستیں حاصل کیں۔ نیشنل کانفرنس کی سیٹوں میں بجبہاڑہ سری گفوارہ، پہلگام، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ ایسٹ اور کوکرناگ (ایس ٹی) شامل ہیں جبکہ کانگریس امیدواروں نے اننت ناگ مین اور ڈورو میں کامیابی حاصل کی ہے۔
بجبہاڑہ میں نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے۳۳ہزار۲۹۹ ووٹ حاصل کیے اور اپنی قریبی حریف التجا مفتی کو۲۳ہزار۵۲۹ ووٹوں سے شکست دی۔ پی ڈی پی کے ابھرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بجبہاڑہ میں کسی دوسری پارٹی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔
اننت ناگ مغربی میں نیشنل کانفرنس کے عبدالمجید بھٹ لارمی نے۲۵ہزار۱۳۵ووٹ حاصل کیے اور پی ڈی پی کے عبدالغفار صوفی کو دس ہزار۴۳۵ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
اننت ناگ ایسٹ (شانگلہ) میں نیشنل کانفرنس کے ریاض احمد خان نے۳۰ہزار۳۴۵ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ڈی پی کے عبدالرحمٰن بھٹ ویری نے ۱۵ہزار۸۱۳ ووٹ حاصل کیے اور۱۴ہزار۵۳۲ ووٹوں سے جیت حاصل کی۔
پہلگام میں نیشنل کانفرنس کے الطاف احمد کلو نے ۲۶ہزار۲۱۰ ووٹ حاصل کیے اور اپنی پارٹی کے رفیع احمد میر کو۱۳ہزار۷۵۶ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
کوکرناگ (ایس ٹی) میں نیشنل کانفرنس کے ظفر علی کھٹانہ نے۱۷ہزار۹۴۹ ووٹ حاصل کیے اور اپنے قریبی حریف ہارون رشید کھٹانہ کو۱۱ہزار۷۸۷ ووٹوں سے شکست دی۔
اننت ناگ مین میں کانگریس کے پیرزادہ محمد سید نے ۶ہزار۶۷۹ ووٹ حاصل کیے اور پی ڈی پی کے محبوب بیگ کو۱۶۸۶ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
ڈورو میں کانگریس کے جی احمد میر نے۴۴ہزار۲۷۰ ووٹ لے کر اہم کامیابی حاصل کی اور پی ڈی پی کے محمد اشرف ملک کو۱۵ہزار۵۴۲ ووٹوں سے شکست دی۔
۲۰۱۴ کے انتخابات میں پی ڈی پی نے بجبہاڑہ، ڈورو، کوکرناگ اور اننت ناگ مین سمیت چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ نیشنل کانفرنس نے پہلگام اور اننت ناگ مغربی میں کامیابی حاصل کی تھی، اور کانگریس نے شانگوس میں کامیابی حاصل کی تھی۔