سرینگر/۸؍اکتوبر
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کے حالیہ منعقدہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں۴۲ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے چند گھنٹے بعد وزیراعظم وزیر نریندر مودی نے منگل کو پارٹی کو اس کی قابل ستائش کارکردگی پر مبارکباد دی۔
ایک ٹویٹ میں مودی نے انتخابات کی ستائش کی۔ آرٹیکل۳۷۰؍ اور۳۵؍اے کی منسوخی کے بعد یہ پہلے اسمبلی انتخابات ہیں جس میں بھاری تعداد میں عوام نے ووٹ ڈالا ہے۔
وزیر اعظم نے لکھا ہے ’’جموں اور کشمیر میں یہ انتخابات بہت خاص رہے ہیں۔ یہ پہلی بار آرٹیکل ۳۷۰؍ اور۳۵؍اے کو ہٹائے جانے کے بعد اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے اور ان میں زیادہ ٹرن آؤٹ دیکھا گیا، اس طرح جمہوریت پر لوگوں کا یقین ظاہر ہوتا ہے‘‘۔
وزیر اعظم مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا اور ووٹروں کی حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔
مودی نے مزید کہا ’’مجھے جموں و کشمیر میں بی جے پی کی کارکردگی پر فخر ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہماری پارٹی کو ووٹ دیا اور ہم پر اعتماد کیا۔ میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم جموں و کشمیر کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے‘‘۔
مودی نے نیشنل کانفرنس کی انتخابی کامیابی کیلئے ان کی ستائش بھی کی اور کہا ہے ’’میں نیشنل کانفرنس کی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں ان کی قابل ستائش کارکردگی کیلئے تعریف کرنا چاہوں گا‘‘۔
اس دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وعدے کے مطابق اسمبلی انتخابات کے کامیاب انعقاد سے جموں و کشمیر میں جمہوریت بحال ہوئی ہے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقہ (یو ٹی) کے عوام کو انتخابات میں حصہ لینے پر مبارکباد دیتے ہوئے شاہ نے یہ بھی کہا کہ ۱۹۸۰ کی دہائی میں دہشت گردی کی آمد کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر کے عوام نے اس طرح کے شفاف اور پرامن انتخابات دیکھے اور بڑی تعداد میں انتخابات میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو۱۹۸۷ کے اسمبلی انتخابات اچھی طرح یاد ہیں، جب کانگریس نے انتخابات میں کھلے عام دھاندلی کرکے جمہوریت کا مذاق اڑایا تھا۔ انہوں نے ہندی میں ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اب اسی وادی کشمیر میں جمہوریت بحال ہوگئی ہے۔
شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ملک کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں پرامن اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ ۱۹۸۰کی دہائی میں دہشت گردی کی آمد کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر کے عوام نے اس طرح کے شفاف اور پرامن انتخابات دیکھے اور بڑی تعداد میں انتخابات میں حصہ لیا۔
شاہ نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن، جموں و کشمیر انتظامیہ، سیکورٹی فورسز اور جموں و کشمیر کے عوام کو ان کامیاب اور تاریخی انتخابات کے لئے دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جہاں کانگریس کی حکومت میں صرف دہشت کا راج تھا اور ہر روز جمہوریت کا قتل کیا جارہا تھا ، بی جے پی کے اقتدار میں جمہوریت کا عظیم تہوار پوری دھوم دھام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
جموں و کشمیر کی۹۰ رکنی اسمبلی کے انتخابات ۱۰سال بعد اور آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد پہلی بار منعقد ہوئے تھے، جس نے سابق ریاست کو خصوصی درجہ دیا تھا۔تین مرحلوں میں ہونے والی رائے دہی یکم اکتوبر کو مکمل ہوئی تھی اور نتائج کا اعلان منگل کو کیا گیا تھا۔ (ایجنسیاں)