سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پیر کو الزام عائد کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اگر جموں و کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے تو وہ مرکزی حکمرانی کو بڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں چاہے گی۔
عمرعبداللہ عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے سربراہ عبدالرشید شیخ المعروف انجینئر رشید کے بیان پر رد عمل ظاہر کر رہے تھے، جنہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ جس کو بھی اکثریت ملے گی وہ جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ بحال ہونے تک حکومت نہ بنائے۔
عمر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا’’یہ شخص ۲۴گھنٹوں کے لیے دہلی جاتا ہے اور سیدھا بی جے پی کے ہاتھوں میں کھیلنے کے لیے واپس آتا ہے‘‘۔
پریس کانفرنس کے دوران رشید نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ دو دن کے لئے دہلی گئے تھے۔
عمر نے کہا کہ بی جے پی اگر حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے تو وہ جموں و کشمیر میں مرکزی حکمرانی کو بڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں چاہے گی۔