جموں میں بی جے پی کو برتری حاصل ہو سکتی ہے ‘پی ڈی پی کو۲۰۱۴ کے مقابلے میں بڑا نقصان اٹھانا پڑ سکات ہے
سرینگر//
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس(اینڈیا بلاک) اتحاد کو واضح طور پر فاتح کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، لیکن ہفتہ کے روز جاری ہونے والے ایگزٹ پولز میں اتحاد کو اکثریت سے تھوڑا پیچھے دکھایا جا رہا ہے۔
زیادہ تر ایگزٹ پولز میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کو دوڑ میں آگے دکھایا گیا ہے لیکن وہ جادوئی تعداد کو عبور کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کی وجہ سے۹۰ رکنی اسمبلی میں معلق ایوان کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
سروے کے مطابق کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد کو ۴۳ سیٹیں ملی ہیں جو اکثریت کے۴۶ سیٹوں سے تین کم ہیں۔
جموں و کشمیر میں پیپلز پلس نے پیش گوئی کی ہے کہ این سی کانگریس اتحاد کو۴۶سے ۵۰‘ بی جے پی کو۲۳سے۲۷‘پی ڈی پی کو سات سے۱۱؍اور دیگر کو چار سے چھ نشستیں ملیں گی۔
روزنامہ بھاسکر کے سروے میں این سی ،کانگریس اتحاد کو۳۵سے۴۰سیٹیں‘ بی جے پی کو۲۰سے۲۵‘ پی ڈی پی کو چار سے سات اور دیگر کو۱۲سے۱۶سیٹیں مل رہی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے اور سی ووٹر نے این سی کانگریس اتحاد کو ۴۰سے۴۸سیٹیں‘ بی جے پی کو۲۷سے۳۲‘پی ڈی پی کو۶سے۱۲ اور دیگر کو۶سے۱۱سیٹیں ملنے کی بات کہی گئی ہے ۔
ایکسس مائی انڈیا نے بی جے پی کو۲۴سے۳۴‘این سی کانگریس اتحاد کو۳۵سے۴۵‘پی ڈی پی کو۴سے۶؍اور دیگر کو۸ سے۲۳ سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی ہے۔
وادی کشمیر میں عوام کا مینڈیٹ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کی طرف جھکا ہوا نظر آرہا ہے جبکہ پی ڈی پی پہلے کی طرح اپنا اثر و رسوخ دہرانے میں ناکام رہی ہے۔
منتشر مینڈیٹ کی صورت میں بھی توقع کی جارہی ہے کہ این سی،کانگریس اتحاد اپنی قریبی حریف بی جے پی سے بہت آگے ہوگا اور حکومت بنانے کے لئے بہتر پوزیشن میں ہوگا، جو آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پہلا اتحاد ہوگا۔
ادھر ہریانہ کی۹۰سیٹوں کے اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول میں تمام ایجنسیوں نے دس سال بعد کانگریس کی اقتدار میں واپسی کی پیش گوئی کی ہے ۔ ان تمام پول میں بھارتیہ جنتا پارٹی اکثریت سے بہت دور بتائی جارہی ہے ۔
دھرو ریسرچ نے کانگریس کو۵۰سے۶۴سیٹیں، بی جے پی کو۲۲سے۳۲‘ دیگر کو دو سے آٹھ اورعام آدمی پارٹی کو صفر سیٹ دی ہے ۔
پیپلز پلس ایگزٹ پول کے مطابق کانگریس کو۴۹ سے۶۱سیٹیں مل رہی ہیں، بی جے پی کو۲۰سے۳۲سیٹیں، دیگر کو تین سے پانچ سیٹیں مل رہی ہیں اور عام آدمی پارٹی کو صفر سیٹیں مل رہی ہیں۔
ریپبلک بھارت میٹیز پول میں کانگریس کو۵۵سے ۶۲سیٹیں، بی جے پی کو ۱۸سے۲۴سیٹیں، آئی این ایل ڈی کو تین سے چھ سیٹیں اور جے جے پی کو صفر سے تین سیٹیں دی ہیں۔
روزنامہ بھاسکر کے پول نے پیش گوئی کی ہے کہ کانگریس کو۴۴سے۵۴سیٹیں ملیں گی، بی جے پی کو۱۵سے۲۹ سیٹیں ، آئی این ایل ڈی کو ایک سے پانچ اور جے جے پی کو ایک سیٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ۸؍اکتوبر کو کیا جائیگا۔