سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ۸؍اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کے اختتام پر سامنے آنے والے اعداد و شمار ہی اہمیت کے حامل ہوں گے۔
عمر نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ’’ مجھے حیرت ہے کہ چینلز خاص طور پر حالیہ عام انتخابات کی ناکامی کے بعد ایگزٹ پولز سے پریشان کررہی ہیں۔ میں چینلز، سوشل میڈیا، واٹس ایپ وغیرہ پر ہونے والے تمام شور کو نظر انداز کر رہا ہوں کیونکہ صرف ۸؍ اکتوبر کو اہم اعداد و شمار سامنے آئیں گے۔ باقی صرف وقت گزارنا ہے‘‘۔
زیادہ تر ایگزٹ پولز میں نیشنل کانفرنس کو سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس کے بعد بی جے پی ہے۔
این سی،کانگریس اتحاد کو ۹۰ رکنی ایوان میں آدھے حصے کو عبور کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں۱۸ ستمبر‘۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوئے تھے۔ ووٹوں کی گنتی۸؍ اکتوبر کو ہوگی۔