سرینگر//
ضلعی چُنائو آفیسر سرینگر‘ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے قانون ساز اسمبلی کے عام اِنتخابات کے لئے ضلع سرینگر کے۸؍اسمبلی حلقوں میں ووٹ شماری سے پہلے آج ایس کے آئی سی سی سی سنتور کا دورہ کیا اورووٹ شماری کے عمل کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔
ضلعی چُنائو آفیسر نے کائونٹنگ سینٹروں کے اَندر اور اس کے آس پاس کئے گئے حفاظتی اَقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
بٹ نے دورے کے دوران متعلقہ آفیسرکے ہمراہ کائونٹنگ سینٹروں اور اس کے آس پاس کی تیاریوں کے حوالے سے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ کائونٹنگ کے عمل کو آسان اور منظم بنایا جاسکے۔
ضلعی چُنائو آفیسر سرینگرنے شفافیت، درستگی اور گنتی کے نتائج کے بروقت اعلان کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی اور حفاظتی اقدامات، بیٹھنے کے اِنتظامات، اِی وِی ایم کی ٹرانسپورٹیشن اور کائونٹنگ ہال میں تکنیکی سیٹ اَپ کو بھی حتمی شکل دی۔
اِس موقعہ پرضلعی چُنائو آفیسر سرینگرنے مختلف لائن محکموں کے افسران کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی، پانی کی مناسب فراہمی، مناسب انٹرنیٹ کی سہولیت، میڈیا مینجمنٹ، اَنٹری پاسز اور دیگر ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
بٹ نے تقریب کے مقام پر اَفسران سے بات چیت کرتے ہوئے جمہوری اَقدار کے تقدس اور سا لمیت کو برقرار رکھنے کے لئے کائونٹنگ سینٹروں ، سٹرانگ روموں ، سی سی ٹی وی لنکس اور اَفرادی قوت کی تربیت کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنتظامات اور سہولیات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
ضلعی چُنائو آفیسر نے اس بات پر زور دیا کہ کائونٹنگ کا عمل ویڈیو ریکارڈنگ کے تحت اِی سی آئی کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا۔
اِی وی ایم کو۲۵ ؍ستمبر کو ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد فی الحال ایس کے آئی سی سی سنتور کے سٹرانگ روم میں تین سطحی حفاظتی حصار میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع سرینگر کے تمام آٹھ اسمبلی حلقوں کیلئے ووٹ شماری ۸ ؍اکتوبر کو ایس کے آئی سی سی سی سنتور کے مخصوص کائونٹنگ ہالوں میں ہوگی ۔
دورے کے دوران ضلع چُنائو آفیسر سرینگر کے ہمراہ ریٹرننگ افسران، مختلف نوڈل افسران، ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن اَفسران سری نگر اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔