جموں/۳اکتوبر
جموں کشمیر میں بی جے پی کے صدر‘ رویندر رینا نے جمعرات کو کہا کہ ایک دہائی کے بعد ہوئے اسمبلی انتخابات کے تینوں مرحلوں میں جس طرح لوگوں نے ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی 8 اکتوبر کو مکمل اکثریت حاصل کرے گی۔
جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رینا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کونے کونے سے لوگ تینوں مرحلوں میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لئے ریکارڈ تعداد میں باہر آئے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا”مجھے پختہ یقین ہے کہ جس طرح لوگوں نے ریکارڈ تعداد میں ووٹ دیا، بی جے پی 8 اکتوبر کو جموں و کشمیر میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔ نئی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کے ویڑن اور مشن کو آگے بڑھائے گی اور جموں و کشمیر کو ترقی ، امن اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جائے گی“۔
رینا نے کہا کہ جس طرح سے لوگوں نے ووٹ دیا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ لوگوں نے جمہوریت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ویڑن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس شامل ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ اگر بی جے پی اکثریت حاصل کرتی ہے تو کیا بی جے پی نے ہندو وزیر اعلیٰ کے امیدوار کو حتمی شکل دے دی ہے، رینا نے کہا کہ آئیے 8 اکتوبر تک کچھ صبر کریں۔ انہوں نے کہا”ہمارے لیے وزیر اعلیٰ کون بننے جا رہا ہے، یہ ترجیح نہیں ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بی جے پی مکمل اکثریت والی پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔ مجھے یقین ہے کہ جس طرح لوگوں نے بی جے پی کو ووٹ دیا، ہم مکمل اکثریت کے ساتھ آئیں گے“۔
جموں و کشمیر بی جے پی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی جموں میں بڑے پیمانے پر انتخابی مہم جس میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے ، اس کے ثمرات برآمد ہوں گے۔انہوںنے کہا”مجھے یقین ہے کہ نہ صرف جموں میں بلکہ کشمیر میں بھی لوٹس کھلیں گے“۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بی جے پی جموں و کشمیر میں ہندو یا ڈوگرہ وزیر اعلیٰ بننے پر غور کر رہی ہے، رینا نے اس سوال کو ٹالتے ہوئے کہا”ٹھوڈا انتظار کا مزہ لیجیے“۔(8 اکتوبر تک انتظار کریں)۔
رینا نے جموں و کشمیر میں پرامن اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے پولیس ، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، ایس ایس بی اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا” میں چیف الیکٹورل آفس اور ایل جی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جموں و کشمیر میں پرامن اور بلا تعطل انتخابات کے لئے وسیع انتظامات کئے۔ میں این جی اوز، اسکولی بچوں اور ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جموں و کشمیر مرکز کے زیر انتظام علاقے میں رائے دہندگان میں بیداری پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا“۔
بی جے پہ لیڈر نے جموں و کشمیر اور ملک کے باقی حصوں کے لوگوں کو بھی نورات کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم 8 اکتوبر کو جموں و کشمیر انتخابات میں بی جے پی کی شاندار جیت کے ساتھ تہوار منائیں گے۔
رینا نے اس سوال سے گریز کیا کہ اگر بی جے پی کو نشستوں کی کمی ہوتی ہے تو کیا وہ پی ڈی پی یا کسی اور پارٹی کے ساتھ اتحاد کرے گی۔