جموں//
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے جمعہ کی صبح ریاسی بس حملے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ریاسی اور راجوری اضلاع کے متعدد مقامات پر کئی مقامات پر چھاپے مارے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے جموں وکشمیر میں سات مقامات پر چھاپے ما رہی ہے ۔
بتادیں کہ حکام کے مطابق ضلع ریاسی کے پونی علاقے میں سال رواں کے نو جون کو دہشت گردوں نے یاتریوں سے بھری ایک بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ۹؍افراد جاں بحق جبکہ۴۱زخمی ہوئے تھے ۔یہ بس شیو کھوری مندر سے کٹرا جا رہی تھی اور ایک گہری کھائی میں جا گری تھی۔
ہلاک شدگان میں راجستھان کا ایک دو سالہ بچہ اور اتر پردیش کا ایک چودہ سالہ لڑکا شامل تھا۔وزارت داخلہ نے۱۷جون کو یہ کیس این آئی اے کے سپرد کیا تھا۔
حکام کے مطابق اس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں حاکم خان ساکن راجوری کو مبینہ طور پر دہشت گردوں کو کھانا، پناہ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔
حکام کے مطابق تلاشی کارروائیاں جاری ہیں اور اس ضمن میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔