سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن پالیمان آغا سید روح اللہ کا ماننا ہے کہ جہاں تک ابتدائی رجحان کا تعلق ہے تو بڈگام اسمبلی حلقے پر عمر عبداللہ آرام سے جیت حاصل کریں گے ۔
روح اللہ نے کہا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پہلے مرحلے سے بھی بہتر نتائج کی امید ہے ۔
این سی رکن پارلیمان نے ان باتوں کا اظہار بڈگام میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
روح اللہ نے کہا’’جو اب تک کا رجحان ہے تو بڈگام نشست سے عمر صاحب آرام سے جیت حاصل کریں گے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہمیں ہر جگہ اچھا رسپانس ملا ‘ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پہلے مرحلے سے بھی بہتر نتائج کی امید ہے ‘‘۔
ایک سوال کے جواب میں روح اللہ نے کہا’’لوگ اسمبلی کے ذریعے یہ آواز بھیج سکتے ہیں کہ ان کو۲۰۱۹کے فیصلے منظور نہیں ہیں‘‘۔
بی جے پی کی یہاں سرکار بنانے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’بی جے پی کو یہاں سرکار بنانے کا کوئی چانس ہی نہیں ہے گرچہ وہ ووٹ تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس الائنس کو لوگوں کی بھر پور حمایت حاصل ہوگی۔
اپنی پارٹی کے عمر عبداللہ کو سپورٹ کرنے کے متعلق آغا روح اللہ نے کہا’’اپنی پارٹی کی بڈگام نشست پر پی ڈی پی کو حمایت حاصل ہے جیسا کہ اس پارٹی کے صدر نے اپنے بیانات میں کہا لیکن منتظر محی الدین صاحب انفرادی طور پر عمر صاحب کو اس سیٹ پر سپورٹ کر رہے ہیں۔‘‘