سرینگر//
جموںکشمیر اپنی پارٹی کے صدر‘ سید الطاف بخاری نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں اسمبلی انتخابات سے جموںکشمیر میں ایک نیا باب شروع ہوگا۔
بخاری نے کہا کہ جو لوگ اقتدار میں آئیں ان سے لوگوں کے احساسات و جذبات کو صحیح ترجمانی کرنے کی توقع ہے ۔
اپنی پارٹی کے صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
بخاری نے کہا’’خدا کا شکر ہے کہ میں نے اپنا ووٹ ڈالا ۔میں جموںکشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کو دس برسوں کے بعد یہ موقع ملا‘‘۔ان کا کہنا تھا’’امید ہے کہ یہ انتخابات جموںکشمیر میں ایک نیا باب شروع کریں گے اور مجھے پختہ یقین ہے کہ جو لوگ جیتیں گے وہ لوگوں کے احساسات اور جذبات کی صحیح ترجمانی کریں گے ‘‘۔
نوجوانوں کے ووٹ ڈالنے پر بخاری نے کہا’’اب حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ عام معافی کا اعلان کرے تاکہ نوجوانوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند ہوجائے اور ان کو پاس پورٹ مل سکیں‘‘۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا’’کشمیر کا نوجوان شانتی چاہتا ہے اور وہ تمام حقوق چاہتا ہے جو ملک کے باقی حصوں میں نوجوانوں کو مل رہے ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’جو قیادت اقتدار میں آئیگی ان کو بھی ان نوجوانوں کے متعلق سوچنا ہوگا ان کو باعزت روزگار دینا ہوگا‘‘۔
غیر ملکی وفد کی آمد کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف صدر نے کہا’’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے یہاں پہلے مرحلے کی پولنگ بھی صاف و شفاف طریقے سے منعقد ہوئی اور اس مرحلے کی پولنگ بھی اچھی طرح سے ہوگی۔‘‘