جموں//
بی جے پی کے جموں کشمیر یونٹ کے سابق صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں اگلی سرکار بی جے پی کی ہوگی۔
رینا نے بدھ کی صبح یہاں نوشہرہ میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا’’مجھے امید ہے کہ بی جے پی کی جیت ہوگی‘‘۔ان کا کہنا تھا’’جس طرح سے وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کئے ہیں اور یہاں امن و شانتی قائم کی ہے تو یقینی طور پر بی جے پی کی شاندار جیت ہوگی‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جموں کشمیر میں اگلی سرکار بی جے پی کی ہوگی۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے بدھ کو ۲۶حلقوں پر پولنگ ہوئی۔
حکام نے پر امن اور صاف و شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کیلئے وسیع تر انتظامات کئے تھے۔اسمبلی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی۸؍اکتوبر کو ہوگی۔