جموں//
جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے گول میں ڈمپر کی ٹکر سے خاتون شدید طورپر زخمی ہوئی اور بعد ازاں وہ ہسپتال میں دم توڑ گئی۔
اطلاعات کے مطابق گول رام بن کے چھپرن نالہ کے نزدیک اُس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب ڈمپر نے راہ چلتی خاتون کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے خاتون کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق ڈمپر ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا جس کی اب بڑے پیمانے پر تلاشی شروع کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
ادھرراجوری ضلع کے گامبر مغلان علاقے میں جمعرات کی صبح گاڑی لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے مغلان علاقے میں ٹاٹا موبائیل گاڑی ڈرائیور کے قابوسے باہر ہو کر دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار افراد شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ۱۸سالہ نوجوان کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت طاہر احمد ولد غلام نبی ساکن سرنکوٹ کے بطور کی گئی ہے جبکہ زخمیوں کی پہچان اشفاق احمد ، مزمل اور ارباز شیخ کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔