سرینگر//
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کیلئے آج انتخابی نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اسمبلی انتخابات۲۰۲۴ کے تیسرے اور آخری مرحلے میں کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اودھم پور، کٹھوعہ، سانبہ اور جموں کے اضلاع کی کل ۴۰؍ اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔
کشمیر ڈویڑن میں ۱۶؍ اسمبلی حلقوں میںکرناہ‘ ترہگام‘کپواڑہ‘لولاب‘ہندواڑہ‘ لنگیٹ‘سوپور‘رفیع آباد‘اوڑی‘‘ بارہمولہ‘ گلمرگ‘ واگورہ،کریری‘ پٹن‘ سوناواری‘بانڈی پورہ‘ گریز (ایس ٹی) میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
جموں صوبے میں جن۲۴ اسمبلی حلقوں میں آخری مرحلے میں پولنگ ہو گی ان میں اودھم پور ویسٹ‘اودھم پور ایسٹ‘ چنانی‘ رام نگر (ایس سی)‘ بنی‘ بلور‘بسوہلی‘جسروٹا‘ کٹھوعہ (ایس سی)‘ہیرا نگر‘رام گڑھ (ایس سی)‘سانبہ‘وجے پور‘بشنا (ایس سی)‘ سچیت گڑھ (ایس سی)‘ آر ایس پورہ‘جموں جنوبی‘بہو‘جموں ایسٹ‘ نگروٹا‘جموں ویسٹ‘جموں نارتھ‘مرہ (ایس سی)اکھنور (ایس سی) اور چھمب شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۱۲ستمبر ۲۰۲۴ (جمعرات) ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ۱۳ستمبر (جمعہ) کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ۱۷ستمبر (منگل) ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان اسمبلی حلقوں کیلئے پولنگ کا دن یکم اکتوبر ۲۰۲۴(منگل) کو مقرر کیا گیا ہے اور پولنگ صبح ۷بجے سے شام ۶بجے تک ہوگی۔
پہلے مرحلے میں ۱۸ستمبر جبکہ دوسرے مرحلے میں ۲۵؍ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ووٹوں کی گنتی ۸؍اکتوبر کو ہو گی۔
جموں کشمیر میں۱۰سال کے وقفے کے بعد اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں اور دفعہ ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد پہلی بار ہو رہا ہے۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں۹۰؍ اسمبلی حلقے ہیں، جن میں ۷سیٹیں درج فہرست ذاتوں اور۹ درج فہرست قبائل کیلئے مخصوص ہیں۔