سرینگر//
اینٹی کورپشن بیورو(اے سی بی) نے پیر کے روز محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے درجہ چہارم کے ایک ملازم کو گرفتار کیا ہے جس کے پاس کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد ہے ۔
سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اے سی بی کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل عبدل وحیدشاہ نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو کو شکایت موصول ہوئی کہ محمد شفیع راتھر ساکن وانی گام بارہمولہ جو کہ درجہ چہارم کا ملازم ہے نے کروڑوں کی جائیداد بنائی ہے ۔
شاہ نے کہا کہ مذکورہ ملازم کے پاس جائیداد میںوانی گام پٹن میں دو منزلہ مکان جس کی مالیت۳۴ء۴۰ لاکھ روپے ہے ۔وانی گام بالا میں۹۲ء۳۲لاکھ مالیت کا دو منزلہ زیر تعمیر مکان۔
اے سی بی کے اے آئی جی نے کہا کہ بھٹنڈی جموں میں پانچ مرلہ زمین اور رہائشی مکان جس کی مالیت ۳۲لاکھ روپے ہے ۔نہال پورہ پوشونی پٹن میں ۱۰۷کنال مشترکہ خریدی ہوئی اراضی جس کی مالیت۳۰ء۷کروڑ روپے ہے ۔بٹ کالونی ہاری ترٹھ سنگھ پورہ بارہ مولہ میں۳۰کنال مشترکہ خریدی ہوئی اراضی جس کی مالیت۵۰ء۷کروڑ روپے ہے ۔
شاہ نے کہا کہ اس کے علاوہ وانی گام تلہ گام شاہراہ پر بہرام پورہ کے نزدیک چار کنال پانچ مرلہ اراضی جس کی مالیت سال ۲۰۱۱میں ۸۱ء۱۳لاکھ روپے تھی۔بنڈی بالا تحصیل کریری میں۲۰مرلہ اراضی اور جموں کے چواڑی میں۳۰مرلہ زمین جو کہ اس نے سال۲۰۱۶میں۶۵ء۴۰لاکھ روپے میں مشترکہ طورپر خریدی ۔چواڑی جموں میں ہی۳۳مرلہ اراضی جس کی مالیت ۲۵ء۴۹لاکھ روپے ہے ۔ اس کے علاوہ سری نگر کے سونہ وار علاقے میں۱۰ء۲۴لاکھ روپے میں طلائی زیورات خریدے ۔
ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ مذکورہ شخص کے پاس عمر آباد سری نگر میں رہائشی مکان، ٹنگمرگ درنگ میں تیرہ مرلہ اراضی ، شکار گڑھ میں ایک کنال دو مرلہ اراضی ، وانی گام بالا پٹن میں چار کنال اراضی ، ایچ ایم ٹی سری نگر میں بارہ مرلہ اراضی ہے ۔
اس کے علاوہ لائف انشورنس اسکیم میں۱۸ء۱لاکھ، پی پی ایف فنڈ میں ۵۰ء۵لاکھ ، دو پہیہ گاڑی ، فرنیچر ، قالین، فرج ، واشنگ مشین ، موبائیل فون اور دوسرا سامان بھی ہیں۔
اے سی بی کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مذکورہ شخص نے مقررہ مجاز اتھارٹی سے مناسب اجازت حاصل کئے بغیر ہی کروڑوں روپے کی املاک بنائی ہے جو کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہاکہ درجہ چہارم ملازم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔