سرینگر///
پیپلز کانفرنس نے بدھ کے روز جموںکشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے سات امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست کا اعلان کردیا۔
پارٹی نے اپنے اعلان میں کہا کہ اس فہرست کو پارٹی صدر سجاد لون نے منظوری دی ہے ۔
فہرست کے مطابق سینئر لیڈر عبدالغنی وکیل رفیع آباد حلقے سے جبکہ نذیر احمد لاوے کولگام ‘ عابد حسین انصاری جڈی بل‘ عرفان متو عید گاہ‘ ڈاکٹر بشیر احمد چالکو اوڑی ‘ آصف لون بارہمولہ اور محمد حمزہ لون گریز سے الیکشن لڑیں گے ۔
جموں کشمیر میں تین مرحلوں پر محیط اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ۱۸ستمبر کو جبکہ دوسرا اور تیسرا مرحلہ بالترتیب ۲۵ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی۴ اکتوبر کو ہوگی۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد اسمبلی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔