سرینگر//
عوامی اتحاد پارٹی نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ وہ جموں وکشمیر کی سبھی نشستوں پر الیکشن لڑے گی جبکہ کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کو خارج از امکان قرار دے دیا۔
اے آئی پی کے چیف ترجمان انعام النبی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پارٹی سبھی نشستوں پر اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔
بتا دیں انجینئر رشید کی پارٹی نے اس سال کے اوائل میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور محبوس لیڈر نے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پیپلز کانفرنس کے چیرمین سجاد غنی لون کو زائد از دو لاکھ ووٹوں سے شکست دی ۔
نبی نے کہا کہ اے آئی پی آنے والے دنوں کے دوران الیکشن منشور بھی جاری کرے گی۔ ہمارا منشور دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح نہیں ہو گا جو صرف بلند و بانگ دعوے کرتی ہیں۔
انعام نے آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے نو امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا۔امیدواروں میں پانپور اسمبلی حلقے سے عبدالقیوم میر، ترال سے ڈاکٹر ہربخش سنگھ، پلوامہ سے صوفی اقبال، زینہ پورہ سے مولوی فیاض، ڈی ایچ پورہ سے محمدعارف ڈار، دیوسر سے ڈاکٹر سہیل احمد ، ڈورو شاہ آباد سے ہلال احمد ملک، اننت ناگ ویسٹ سے عاقب مشتاق اور اننت ناگ ۴۴ سے توصیف نثار کو منڈیٹ دیا گیا ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ تہاڑ جیل میں مقید انجینئر رشید کی طرف سے واضح ہدایت ہے کہ مقامی لوگوں سے گفت وشنید کے بعد ہی امیدواروں کو منڈیٹ دیا جائے ۔
انجینئر رشید کی رہائی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اے آئی پی کے ترجمان نے کہاکہ ضمانت کیلئے دہلی کی عدالت سے رجوع کیاگیا ہے اور اس پر۲۸؍اگست کو شنوائی ہوگی۔