سرینگر//
منکی پوکس وائرل انفیکشن کے پیش نظر وادی کشمیر کے ٹیریٹری کیئر ہسپتال شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) نے۶بستروں کی گنجائش والی ایک علاحدہ سہولت قائم کی ہے ضرورت پڑنے پر اس کی گنجائش کو۳۰بستروں تک بڑھایا جاسکتا ہے ۔
سکمز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اشرف گنائی کو ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کے دوران اس سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
ڈائریکٹر کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے سکمز میں ماہرین کی ایک ٹیم نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ الرٹ پر ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدام کئے گئے ہیں۔
ڈاکٹر گنائی نے کہا کہ۶بستروں والی ایک علاحدہ سہولت کو قائم کیا گیا ہے جس کو ضرورت پڑنے پر۳۰تک بڑھایا جاسکتا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ جانچ کی گنجائش کو بھی بڑھایا گیا ہے اور علاج کے طریقوں کو تجویز کردہ رہنما خطوط کے مطابق وضع کیا گیا ہے ۔
ڈائکریٹر سکمز نے کہا کہ اس کے علاوہ منکی پوکس کے انتظام کیلئے سکمز میں ایک ہیلپ لائن کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔
ماہرین نے بتایا کہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ورکروں کے لئے رہنما خطوط تیار کئے گئے ہیں تاکہ وہ خصوصی طور پر ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر اسکریننگ اور انفیکشن کنٹرول کا انتظام کر سکیں۔
ماہرین نے کہا کہ پی پی ای کٹس، این۹۵ماسکس، سرجیکل گلوز اور دیگر ضروری ساز سامان کا بھر پور سٹاک دستیاب رکھا گیا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ سکمزعام لوگوں کی معلومات کے لئے ایک تفصیلی ایڈوائزری بھی جاری کرے گا اور ہسپتال کے ماہرین مختلف سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے اس بیماری کے متعلق تشہیری مہم چلائیں گے ۔