سرینگر///
جموںکشمیر کے سابق وزیر تاج محی الدین نے ہفتہ کے روز غلام نبی آزاد کی قیادت والی ڈی پی اے پی سے استعفیٰ دے کر دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
محی الدین نے پی ٹی آئی کو فون پر بتایا کہ میں نے ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) سے استعفیٰ دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کچھ ہی دنوں میں کانگریس میں دوبارہ شامل ہوجائیں گے جس کے ساتھ وہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جڑے ہوئے ہیں۔
سابق وزیر نے کہا’’میرا ارادہ گھر واپسی کا ہے، لیکن جب تک میں اپنے کارکنوں سے نہیں پوچھ سکتا، تب تک ایسا کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اب، میرے کارکنوں نے مجھے متحد ہو کر ایسا کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس لیے میں بہت جلد گھر واپسی کر رہا ہوں‘‘۔
ڈی پی اے پی چھوڑنے کی وجوہات کے بارے میں پوچھے جانے پر محی الدین نے کہا کہ وہ تقریباً۴۵ سال سے کانگریس کے ساتھ ہیں اور ان کے کارکنوں نے انہیں صرف سب سے پرانی پارٹی اور اس کے نشان سے جوڑا ہے۔
محی الدین نے کہا’’میرے کارکنوں نے مجھے دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کے لیے کہا، اس لیے میں نے ڈی پی اے پی چھوڑ کر دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا‘‘۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اوڑی اسمبلی حلقہ کے سابق رکن اسمبلی محی الدین نے آزاد کی حمایت میں اگست ۲۰۲۲ میں کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد میں انہوں نے آزاد کی قیادت والی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔(پی ٹی آئی)