جموں//
جموں کشمیر پولیس نے صوبہ جموں کے آٹھ اضلاع میں انسداد دہشت گردی کے ۱۹ خصوصی یونٹ قائم کئے ہیں۔
عہدیداروں کے مطابق یہ قدم جموں کے پرسکون علاقوںمیں بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے درمیان اٹھایا گیا ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ ان میں سے ہر یونٹ کی سربراہی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی وائی ایس پی) کریں گے اور انہیں مستقل طور پر نامزد اضلاع میں تعینات کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا ’’یہ یونٹ انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے ساتھ ساتھ امن و امان کے معمول کے معاملات کو سنبھالنے کے ذمہ دار ہوں گے‘‘۔
ان خصوصی یونٹوں کیلئے جن اضلاع کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں اودھم پور ، کٹھوعہ ، ریاسی ، ڈوڈا ، کشتواڑ ، رام بن ، راجوری اور پونچھ شامل ہیں۔ ان اضلاع کے اندر مخصوص پولیس اسٹیشنوں اور چوکیوں کو مؤثر کوریج کے لئے ہر یونٹ کو تفویض کیا گیا ہے۔
ان یونٹس کی توجہ خاص طور پر پیر پنجال کے علاقے اور وادی چناب پر ہوگی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں ان اندرونی علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس کے یہ یونٹ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کریں گے۔
عہدیداروں نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس کو یقین ہے کہ جدید ترین وسائل اور تربیت سے لیس یہ یونٹ ان علاقوں میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں نمایاں کمی لائیں گے۔