راجکوٹ//
وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کے آٹھ برس مکمل ہونے کے حوالے سے ہفتہ کو کہا کہ انہوں نے قوم کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔ ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ہندوستان کا کوئی بھی شخص شرمندگی محسوس کرے ۔
گجرات کے ایک دن کے دورے پر گئے مودی نے راجکوٹ میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ آٹھ برسوں میں’’ میں نے مادر وطن کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔ محترم باپو اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی اس پاک سرزمین سے مجھے ایسے سنسکار ملے ہیں، جن کی وجہ سے میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا، جس سے آپ کو یا ہمارے ملک کے کسی شہری کو شرمندگی کا سامنا ہو‘‘۔
وزیر اعظم نے راجکوٹ کے اٹکوٹ میں ماتوشری کے ڈی پی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ملک کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔
مودی نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت ملک کی خدمت میں اپنے آٹھ سال مکمل کر رہی ہے ۔ گزشتہ برسوں میں ہم نے غریبوں کی خدمت، گڈ گورننس اور غریبوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے ۔ ہم نے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا سمادھان کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی کو ایک نئی تحریک دی ہے ۔
وزیر اعظم نے اپنی حکومت کی غریبوں کی بہتری کے لیے چلائی جانے والی اسکیموں کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ماؤں اور بہنوں کے جن دھن اکاونٹس میں براہ راست رقم جمع کرائی ہے ۔ کسانوں اور مزدوروں کے کھاتوں میں رقم جمع کرائی گئی۔ ہم نے غریبوں کے کچن میں چولہا جلانے کے لیے مفت گیس سلنڈر کا انتظام کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب وبا شروع ہوئی تو خوراک کا مسئلہ تھا، لیکن ہم نے اس سے نمٹنے کے لیے اناج کے گوداموں کے دروازے کھول دیے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ غریبوں کی حکومت ہے تو وہ کس طرح ان کی خدمت کرتی ہے ، انہیں بااختیار بنانے کے لیے کام کرتی ہے ، یہ آج پورا ملک دیکھ رہا ہے ۔ ملک نے سو سال کے سب سے بڑے بحران (وبائی مرض) میں بھی اس کا مسلسل تجربہ کیا۔
قبل ازیں تقریب کے مقام پر مودی کا سر پر کلش لئے قطار میں کھڑی خواتین نے رسمی استقبال کیا۔ اٹکوٹ میں متوشری کے ڈی پی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا انتظام شری پٹیل سیوا سماج کے زیر انتظام ہے ۔