سرینگر//
جنوبی ضلع اسلام آباد کے چھیتی پورہ بجبہاڑہ گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مختصر گولیوں کے تبادلے میں دو مقامی جنگجو مارے گئے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ بجبہاڑہ کے چھیتی پورہ گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو سیکورٹی فورسز نے فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجوؤں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کئی منٹوں تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
اُن کے مطابق گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ دو ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی جن کی شناخت حزب المجاہدین کے اشفاق احمد گنائی ولد فاروق احمد گنائی ساکنہ شلگام سری گفوارہ اور یاور ایوب ڈار ولد محمد ایوب ڈار ساکنہ ڈوگری پورہ اونتی پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
دریں اثنا آئی جی کشمیروجے کمار نے بجبہاڑہ تصادم کے بارے میں بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سنیچر کی سہ پہر کو بجبہاڑہ کے چھیتی پورہ گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
کمار نے بتایا کہ فورسز اہلکار تلاشی کارروائی میں مصروف تھے کہ اسی دوران وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوا۔
آئی جی نے بتایا کہ مختصر گولیوں کے تبادلے میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔