سرینگر//
اینٹی کوپرشن بیورو(اے سی بی )نے نذیر احمد‘ پٹواری، ذیلدار آفس، حاجن، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ڈویڑن، سنبل، بانڈی پورہ کو شکایت کنندہ کے احاطے کو مسمار نہ کرنے کیلئے۵ہزار روپے کی رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
نذیراحمدنے شکایت کنندہ سے مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے پر اس کے خلاف مسماری مہم کے دوران کوئی زبردستی کارروائی نہ کی۔
شکایت کنندہ جو گاؤں سادونارا، تحصیل حاجن، ضلع بانڈی پورہ کا رہنے والا ہے، نے بتایا کہ وہ سادونارا، یربل پورہ، بانڈی پورہ میں بائیک ریپئرنگ ورکشاپ چلا رہا ہے۔۲۴مئی۲۰۲۲ کو، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول سب ڈویڑن، حاجن نے آبپاشی کنال، گلبل، سادونارا پر مسمار کرنے کی مہم کا آغاز کیا۔ شکایت کنندہ نے اس آبپاشی نہر کی زمین کے تقریباً تین فٹ پر ٹن کی چادروں سے باڑ لگا دی ہے۔
پٹواری نذیر احمد جو اس مسماری مہم کے ساتھ تھا، اس کی ورکشاپ پر آیا اور اس کی ٹین شیٹ والی باڑ والی دیوار کو نہ گرانے پر اس سے پانچ ہزار روپے رشوت طلب کی۔ شکایت کنندہ نے اسے بتایا کہ وہ بے روزگار نوجوان ہے اور یہ رقم ادا نہیں کرسکتا جس پر پٹواری نے اصرار کیا کہ پھر وہ ٹین شیٹ والی دیوار گرا دیں گے۔
ان مجبور حالات میں اس نے اے سی بی سے رجوع کیا اور ملزم پٹواری نذیر احمد کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔
اے سی بی نے ایف آئی آر درج کی اور ایک جال بچھا دیا۔ ٹیم نے ملزم اہلکار کو شکایت کنندہ سے رشوت مانگتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا‘ اسے اے سی بی کی ٹیم نے موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔ آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔مزید تفتیش جاری ہے۔