نئی دہلی//
لداخ کے رکن پارلیمنٹ محمد حنیفہ نے چہارشنبہ کے روز لوک سبھا میں چھٹے شیڈول اور ریاست کا درجہ دینے کیلئے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے مطالبات اٹھائے۔
وقفہ صفر کے دوران لداخ کے رکن پارلیمنٹ نے لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے اہم مطالبات پر روشنی ڈالی جو بدھ اکثریتی لیہہ اور مسلم اکثریتی کرگل کے دو گروپ ہیں جو مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
اگست۲۰۱۹ میں آرٹیکل ۳۷۰کی منسوخی کے بعد، لداخ، جس کی سرحد پاکستان اور چین دونوں کے ساتھ ملتی ہے، کو مقننہ کے بغیر ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا۔
حنیفہ نے کہا کہ لداخ سب سے بڑا (لوک سبھا) حلقہ ہے، یہ اسٹریٹجک طور پر اہم ہے کیونکہ اس کی سرحدیں چین اور پاکستان دونوں کے ساتھ ملتی ہیں۔ لداخ کے لوگ امن پسند اور سچے محب وطن ہیں۔ انہوں نے قوم کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ۲۰۱۹ میں لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا، حالانکہ آدھی آبادی اس کے خلاف تھی۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس فیصلے کی حمایت کرتے ہیں وہ بھی چاہتے ہیں کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں مقننہ ہو اور وہ موجودہ سیٹ اپ کے مخالف ہیں۔
حنیفہ نے کہا’’پچھلے چار سالوں میں، لوگ چار مطالبات کو لے کر احتجاج کر رہے ہیں‘‘۔
۵۹ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے ہوئے لیہہ اور کرگل کے دونوں اضلاع چار مطالبات پر اکٹھے ہوئے ہیں‘ آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت تحفظ، ریاست کا درجہ، مقامی لوگوں کیلئے نوکریوں میں ریزرویشن اور ایک علیحدہ پبلک سروس کمیشن اور اس خطے کیلئے دو لوک سبھا نشستیں۔