سرینگر/24جولائی
شمالی کشمیر کے کپواڑہ کے علاقے کووت لولاب میں انکاو¿نٹر کے دوران زخمی ہونے والا ایک فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
عہدیداروں نے خبر رساں ایجنسی کشمیر اسکرول کو بتایا کہ پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے کے بعد لولاب میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کی طرف بڑھی، چھپے ہوئے دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ ایک نان کمیشنڈ آفیسر (این سی او) زخمی ہوا جس کی شناخت 28 آر آر کے دلاور سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اس سے پہلے فوج کی چنار کور نے بدھ کی صبح ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا”دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے 23 اور 24 جولائی کو کپوارہ کے کوٹ وال علاقے میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کر دیا“۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا”24 جولائی کو مشتبہ نقل و حمل دیکھی گئی جس کو مستعد جوانوں نے چلینج کیا جس کے جواب میں دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی“۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ طرفین میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک این سی او زخمی ہوا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
بتادیں اطلاعات کے مطابق منگل کی شام لولاب کے ترمولہ ٹاپ کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا تھا جس کے بعد فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔