جموں//
جموں خطے میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے درمیان مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی باقاعدگی سے سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے ایک نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔
سنگھ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے والے ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جی) کو خطے میں بحال کیا جائے گا۔
گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی میں ۱۰سکیورٹی اہلکاروں سمیت ۲۴؍افراد ہلاک اور ۵۶ زخمی ہوئے ہیں۔
ڈوڈہ ضلع میں گزشتہ کئی دنوں میں دہشت گردی کے تین واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں ایک کیپٹن سمیت چار فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا’’حال ہی میں (ڈوڈہ ضلع میں) ہوئے کچھ واقعات ہوئے، حکومت نے (دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے) سنجیدہ کارروائی کی ہے‘‘۔
سنگھ نے کشتواڑ میں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم خود مسلح افواج اور نیم فوجی دستوں کے علاوہ صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے ایک نئی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا گیا ہے لیکن تفصیلات کو عوامی طور پر ظاہر نہیں کیا جاسکتا ہے۔
سنگھ نے پہاڑی ضلع میں سینیٹری نیپکن مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نہ صرف وی ڈی جی کو بحال کیا جارہا ہے بلکہ حساس علاقوں میں تعیناتی کے لئے نئے یونٹس پر بھی غور کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وی ڈی جیز کی بحالی اور حساس علاقوں میں ممکنہ طور پر نئے یونٹس کے قیام پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔