سرینگر//
کشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈِی سی ایل) نے بجلی بِلوں کی عدم ادائیگی کے خلاف اَپنی مہم تیز کی ہے اور ہزاروں سمارٹ میٹر والے صارفین کا کنکشن منقطع کیا ہے۔
اِسی طرح فلیٹ ریٹیڈ علاقوں میں وہ صارفین جنہوں نے کئی ماہ سے اَپنے بقایا جات اَدا نہیں کئے ہیں، اُن کا کنکشن اس وقت تک منقطع کیا جارہا ہے جب تک کہ وہ کے پی ڈِی سی ایل کے ساتھ اَپنے بِلوںکی اَدائیگی نہیں کر کرلیتے۔
کے پی ڈِی سی ایل کے ترجمان نے آج یہاں جاری ایک پریس بیان میں کہا کہ صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اَپنے بِلوں کی بروقت اَدائیگی کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کے پی ڈِی سی ایل ایک سروس پرووائیڈر ہے جسے اِقتصادی طور پر قابلِ عمل رہنے کے لئے فراہم کی جانے والی بجلی کے لئے تمام اَقسام کے صارفین کی طرف سے بِلوں کی بروقت ادائیگی کی ضرورت ہے۔
ترجمان کے مطابق جمعرات کو الیکٹرک ڈویژن چھانہ پورہ میں ۱۱۳۴ سمارٹ میٹر والے صارفین کو منقطع کیا گیا جبکہ اِی ایس ڈی بارہمولہ اوّل میں۴۴۰‘اِی ایس ڈی بارہمولہ دوم میں۲۴۰؍اور اِی ایس ڈی قاضی گنڈ میں۲۲۸ صارفین کی بجلی منقطع کی گئی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ زائد اَز تین ماہ عرصے سے بلوں کی ادائیگی نہ کرنے پر حبہ کدل، واتل کدل، حول، اننت ناگ، کپواڑہ، ہندواڑہ، سوپور، بڈگام، چاڈورہ، زینہ کوٹ، زکورہ، نشاط اور ڈلگیٹ کے دیگر سب ڈویژنوں میں بڑی تعداد میں صارفین کا کنکشن منقطع کیا جا رہا ہے۔
کے پی ڈی سی ایل کے ترجمان نے تمام صارفین سے زیرِ اِلتوأ واجبات کی ادائیگی میں تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کے پی ڈِی سی ایل ڈیفالٹر صارفین کے خلاف کنکشن منقطع کرنے کی مہم کو مزید تیز کرے گا جو بروقت اَپنے بجلی بِلوں کی اَدا کرنے سے گریزاں ہیں۔
ترجمان نے صارفین پر زور دیا کہ وہ حکومت کی پاور ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اُٹھائیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اصل رقم مکمل یا قسطوں میں اَدا کرنے کے لئے متعلقہ الیکٹرک سب ڈویژن سے رجوع کریں تاکہ وہ تاخیر سے ادائیگی کے سرچارج پر معافی کا دعویٰ کرسکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کے پی ڈِی سی ایل صارفین کی سہولیت کے لئے تمام الیکٹرک ڈویژنوں میں روزانہ کی بنیاد پر ایمنسٹی کیمپ کا اِنعقاد کر رہا ہے اور اَب تک ایک لاکھ سے زائد گھریلو صارفین اِس سکیم سے فائدہ اُٹھا چکے ہیں۔