جموں//
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ‘ترون چگ جو جموں و کشمیر کے پارٹی انچارج بھی ہیں، نے آج مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عبداللہ، مفتی اور گاندھی نہرو خاندانوں کو جموں و کشمیر کی سیاست سے باہر نکال دیں۔
یہاں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چگ نے کہا کہ تینوں خاندانوں نے اپنے سیاسی مفادات کو فروغ دینے کے لئے جموں و کشمیر کی ثقافت اور معیشت کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔’’ انہوں نے سرحد پار کی قوتوں کی مدد سے جموں و کشمیر کو ملک کے دہشت گرد دارالحکومت میں تبدیل کردیا۔ عبداللہ(این سی قیادت) تقریباً ہر دوسرے دن پاکستان کی قسم کھاتے ہیں جبکہ محبوبہ مفتی بھی جموں و کشمیر کی ترقی کے بارے میں بات کرنے کے بجائے بار بار پاکستان کے مقصد کی وکالت کرتی رہی ہیں‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں تینوں پارٹیوں کو باہر کا راستہ دکھایا جانا چاہئے اور جموں و کشمیر کی سیاست سے نکال باہر کیا جانا چاہئے کیونکہ انہوں نے پاکستانی افواج کی طرف سے ان تمام سالوں میں لوگوں کی قسمت کو برباد کیا اور ان کا استحصال کیا۔
چگ نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور خواتین کو ایک نیا ویڑن دیا ہے جو اب اپنی ترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں اور اپنے خوابوں کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری نے کہا کہ دہشت گردی سے لے کر سیاحت تک جموں و کشمیر نے مودی حکومت کے تحت اپنی ثقافت میں ایک بڑی تبدیلی دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی سرپرستی میں ایسی طاقتیں ہیں جو اب بھی جموں و کشمیر میں امن خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن آنے والے دنوں میں ان سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ان کے مذموم عزائم کو فیصلہ کن طور پر شکست دی جائے گی۔
چگ کاکہنا تھا’’بی جے پی تیار ہے۔ جب بھی انتخابات ہوں گے، ہمارے کارکن اس کیلئے تیار ہوں گے۔ بی جے پی بانہال سے جیت کے سفر کا آغاز کرے گی‘‘۔
عسکریت پسندی اور پاکستان کے اثر و رسوخ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاری ہوئی جنگ لڑنے کی کوشش کر رہا ہے اور ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔’’ جن کے ہاتھوں میں ہتھیار ہیں اور جو ہمارے شہریوں کو مار رہے ہیں انہیں معاف نہیں کیا جائے گا‘‘۔
چگ نے جموں کشمیر کے عوام کو ان کی حفاظت اور عسکریت پسندی کے خاتمے کے لئے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہمارے شہری ہمارے لئے بہت قیمتی ہیں۔ انہیں ہر قیمت پر تحفظ فراہم کیا جائے گا۔