سرینگر//
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے زوجیلا پاس پر ایک گاڑی کے گہری کھائی میں جا گرنے سے کم سے کم۳سیاحوں کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق زوجیلا پاس پر منگل کے روز ایک ٹاٹا سومو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار سیاح شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ایس ڈی آر ایف ، این ڈی آر ایف ، پولیس ، آئی ٹی بی پی اور سی آر پی ایف نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تین سیاح جانبر نہ ہو سکے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زوجیلا پاس پر پانی متھا کے نزدیک ایک سومو گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں کم سے کم ۳؍افراد کی موت اور ایک بچہ زخمی ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کا ڈرائیور بچ گیا ہے اور بچے کو علاج و معالجے کے لئے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ منتقل کیا گیا ہے ۔
جاں بحق افراد کی شناخت۶۷سالہ چمپک داس‘۴۴سالہ ٹنڈرا داساور ۴۱سالہ مونالسہ داس ساکنان بنگلورو کے بطور ہوئی ہے ۔حادثے میں زخمی ہوئے آٹھ سالہ لڑکے کی پہچان آدرتا خان کے بطور کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔