سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سِنہانے ضلع ڈوڈہ میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ڈوڈہ میں ہمارے فوجی جوانوں اور جے کے پی اہلکاروں پر بزدلانہ حملے کے بارے میں جان کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ اُنہوں نے ان بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جنہوں نے ہماری قوم کی حفاظت کے لئے عظیم قربانیاں دیں اور سوگوار کنبوں کے ساتھ اِظہارِ تعزیت کیا۔
سنہا نے کہا کہ ہم اَپنے جوانوں کی شہادت کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردوں اور اُن کے ساتھیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔اُنہوں نے کہا’’ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہوں اور ہمیں درست معلومات فراہم کریں تاکہ ہم اِنسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کرسکیں اور دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو بے اثر کرسکیں‘‘۔
اس سے پہلے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے ڈوڈہ میں اِنسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران عظیم قربانی دینے والے کیپٹن برجیش تھاپا، نائیک ڈِی راجیش، سپاہی بیجندر اور سپاہی اَجے کو پھولوں کی چادر چڑھائی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سنہا نے کہا ،’’میں ان بہادر وںکو سلام کرتا ہوں جنہوں نے مثالی جرأت کا مظاہرہ کیا اورقوم کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔ قوم بہادروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ پوری قوم دُکھ کی اِس گھڑی میں شہدأ کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘