سرینگر///
جموں کشمیر پولیس کی تاریخ میں پہلی بار پانچ پولیس افسروں اور اہلکاروں کو قوم کی خدمت کرتے ہوئے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے کے اعزاز میں شوریہ چکر اعزازات سے نوزا گیا جبکہ ایک ولیج ڈیفنس کمیٹی (وی ڈی سی) ممبر کو بھی اس ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کے روز راشٹر پتی بھون میں سینئر گریڈ کانسٹیبل سیف اللہ قادری (بعد از مرگ)، ڈی ایس پی (اب ایس پی) موہن لال، سب انسپکٹر امت رینا، سب انسپکٹر فیروز احمد اور پولیس کانسٹیبل ورون سنگھ کو شوریہ چکر اعزازات سے نوازا۔انہوں نے کہا کہ صدرجمہوریہ نے ولیج ڈیفنس کمیٹی (وی ڈی سی) ممبر پرشوتم کمار ساکن راجوری کو بھی شوریہ چکر سے سرفراز کیا۔
دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) جموں وکشمیر آر آر سوائن نے ایوارڈ حاصل کرنے والے ان بہادر افسروں کی ہمت اور بہادری کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد پیش کی۔
ڈی جی پی نے اپنے پیغام میں کہا’’ان بہادر افسروں اور اہلکاروں نے اپنی لگن اور قوم کی خدمت کے جذبے سے جموں و کشمیر پولیس کو عزت اور وقار بخشا ہے جس کو اعلیٰ سطح پر تسلیم کیا گیا ہے ‘‘۔سوائن کا کہنا تھا’’یہ اعزاز جموں وکشمیر پولیس کو ملک کی بہترین پولیس فورسز کی فہرست میں شامل ہونے کے مثالی عزم کو ظاہر کرتی ہے ‘‘۔
پولیس سربراہ نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمر، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزارت دفاع کے افسروں، مرکزی حکومت اور جموں وکشمیر حکومت کا جموں وکشمیر پولیس کی قربانیوں اور حوصلے کو تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پولیس فورس کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر جموں و کشمیر کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
بتادیں کہ وزارت دفاع نے مذکورہ پولیس افسروں اور اہلکاروں اور وی دی سی ممبر کو سال۲۰۲۳کے یوم آزادی اور سال۲۰۲۴کے یوم جمہوریہ کے موقعوں پر شوریہ چکر دینے کا اعلان کیا تھا۔