جموں//
کٹھوعہ اور ادھم پور میں ٹریفک کے دو الگ الگ حادثات میں بارڈر سیکورٹی فورس کے دو جوان جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ میں ہفتے کے روز ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر نالہ میں جاگری جس کے نتیجے میں تین جوان ڈوب گئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران تینوں کو باہر نکال کر ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر پرشوتم سنگھ ساکن ہماچل پردیش کو مردہ قرار دیا۔
دریں اثنا سری نگر جموں شاہراہ پر چنانی ناشری ٹنل کے اندر گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں۳۰سالہ بی ایس ایف جوان امیت کمار شکلہ شدید طورپر زخمی ہوا اور بعد ازاں وہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
اس دوران سوپور قصبے کی کرانکشون کالونی میں ہفتہ کی سہ پہر ایک سڑک حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کرانکشون کے رہائشی عمران احمد بھٹ (۱۶) ولد ریاض احمد بھٹ اور ۲۰ سالہ عدنان شوکت ولد شوکت احمد ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم میں زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر سوپور کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں سرینگر کے ایس کے آئی ایم ایس ریفر کردیا گیا۔
پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔